اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فام ہے: چیئرمین سینیٹ صادق سجرانی

85

اسلام آباد،12فروری(اے پی پی): چیئرمین سینیٹ نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردی کے خلاف ایک مربوط پلیٹ فام ہے ۔ ‎پاکستان نے دہشت گردی میں بہت نقصان اُٹھایا ہے لیکن پاکستانی افواج ، عوام اور دیگر اداروں نے مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی۔ ‎پاکستان کبھی نہیں چاہتا کہ کوئی بھی ملک اس طرح کی صورتحال سے دوچار ہو ۔

منگل کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف سے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ صادق سجرانی نے کہا کہ ‎یہ اتحاد کسی خاص ریاست یا قوم کے خلاف نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو مزید منظم بنانے کیلئے ہے ۔ ‎دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد سے مسلم ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ‎اس اتحاد کے قیام سے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

‎ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ہمارے لئے باعث خوشی ہے کہ اس فوجی اتحاد کی قیادت پاکستان کے ریٹائرڈجنرل راحیل شریف کر رہے ہیں۔ ‎پاکستان خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسائل کا پُر امن حل چاہتا ہے۔ ‎امن ترقی کی ضمانت ہے  جبکہ ‎مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔

 جنرل (ر) راحیل شریف نے چیئرمین سینیٹ کو  دہشتگردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ‎اسلامی فوجی اتحاد کے قیام سے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کو تقویت ملی ہے ۔ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرتا رہا ہے ۔ ‎اسلامی فوجی اتحاد نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جاری کوششوں کو مربوط بنائے گا۔

ملاقات میں قائد ایوان سینیٹ شبلی فراز بھی موجود تھے۔

اے پی پی /سحر/حامد

وی این ایس ، اسلام آباد