سابق آرمی چیف واسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اِن چیف کی وزیر خارجہ سےملاقات

319

اسلام آباد، 12 فروری (اے پی پی): سابق آرمی چیف واسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر اِن چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے آج وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی امن واستحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جنرل (ر) راحیل شریف نے وزیر خارجہ کو  دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

 وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ یہ اسلامی فوجی اتحاد 15 دسمبر 2015 کو تشکیل پایا،جس میں ابتدائی طور پر 34 ممالک شریک تھے ، بعدازاں اس کی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔ اسلامی فوجی اتحاد کے پہلے کمانڈر پاکستان فوج کے سابق سربراہ ریٹائرڈ جنرل (ر) راحیل شریف کو نامزد کیا گیا اور اب بھی وہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا مقصد اسلامی ممالک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں کرنا ہے۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن/حامد

وی این ایس، اسلام آباد