سکھر ؛ آئی جی موٹر وے کی ہدایت پر عام لوگوں میں ہیلمٹ کی اہمیت بارے آگاہی تقریب کا انعقاد

0
86

سکھر،16فروری(اے پی پی ) آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم کی خصوصی ہدایت پر ہیسکول آئل کمپنی کے تعاون سے ہیلمٹ کی اہمیت کے بارے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی قائم مقام سیکٹر کمانڈر قمر شہزاد تھے، منعقدہ تقریب میں ہیسکول آئل کمپنی کے منیجر محمد طارق اور کمپنی کے ملازمین کے علاوہ عام عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، تقریب کا مقصد ہیلمٹ کی افادیت اور عوام میں مفت ہیلمٹ کی تقسیم تھا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی قائم مقام سیکٹر کمانڈر قمر شہزاد نے کہا کہ مہذب معاشرے میں موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال اپنی جان کی حفاظت کے لئے کرتے ہیں، مگر پاکستان میں اس کے برعکس ہیلمٹ کا استعمال بہت کم کیا جاتا ہے، جس کی بڑی وجہ عام لوگوں میں ہیلمٹ کے بارے میں آگاہی نہ ہونے کے برابر ہے، موٹر وے پولیس کا عزم ہے کہ عوام میں ہیلمٹ کی اہمیت کے بارے میں شعور پیدا کیا جائے، اس موقع پر کمپنی کے منیجر محمد طارق نے اپنے خطاب میں کہا کہ موٹر وے پولیس کے احسن اقدام سے امید ہے کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں گے،انہوں نے موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کار خیر میں ہیسکول آئل کمپنی بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی اور آئندہ بھی ایسے مفید پروگرام میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ تقریب کے اختتام پر موٹر وے پولیس کی جانب سے عام لوگوں سے روڈ سیفٹی سے متعلق دلچسپ سوالات پوچھے گئے، درست جوابات دینے والے خوش نصیبوں نے ہیلمٹ کے انعامات بھی حاصل کیے۔

 

اے پی پی /محمد اطہر اللہ/حامد

سورس:وی این ایس ، سکھر