سینیٹ کی ذیلی قائمہ کمیٹی کا اجلاس

42

اسلام آباد، 11 فروری ( اے پی پی ) :  سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ذیلی کمیٹی کے کنونیئر سینیٹر نعمان وزیرنے کہا کہ عملی تربیت کی کمی کی وجہ سے گریجویٹ کو عملی کام میں بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ہمارے نصاب تعلیم میں نصاب کو صنعت سے مطابقت ہونی چاہیے ۔مطابقت نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم اور انڈسٹری میں بڑا فرق ہے جب تک ان دونوں کو ایک لائن اور زاویہ میں نہیں لایا جائے گا بہتری ممکن نہیں ہے ۔

 کمیٹی  کا اجلاس پیر کے روز  کنونیئر کمیٹی سینیٹر نعمان وزیر خٹک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہوا  جس میں  عملی تربیت کے حوالے سے انڈسٹری اکیڈمیہ لنکجز کے فروغ اور اس حوالے سے لیگل فریم ورک میں درکار ترامیم کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔

سینیٹر نعمان وزیر خٹک نے کہا کہ انجینئرز کو گاڑی کے ٹائر تبدیل کرنااور ویلڈنگ تک نہیں آتی جس کی وجہ عملی کام کی کمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ملک میں بے روزگاری بہت ہے ۔پڑھے لکھے لوگوں کو عملی تربیت حاصل کرنی چاہیے ۔ معاملات کو بہتر کرنے کیلئے ایک بل کا مسودہ تیار کیا ہے ۔ہائیر ایجوکیشن ، نیوٹیک، اعلیٰ تعلیمی ادارے اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز مسودے کا جائزہ لے کر تجاویز پیش کر سکتے ہیں ۔ جس پر چیئرمین ایچ ای سی ، سی ای او ایچ ای سی ، وائس چیئرمین بحریہ یونیورسٹی کے حکام نے ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ سسٹم کو بہتر کرنے کیلئے اس میں بہت سی چیزیں شامل کرنا پڑیں گی جس میں انٹرن شپ کے سسٹم کو بہتر بنانا ، ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ کا بہتر استعمال ، نیشنل لیبز میں بہتری ، فنی تعلیم، نصاب میں انڈسٹری پروگرام کو شامل کرنا ، صنعت کو انسینٹو، سسٹم کو ڈیمنڈ بیس بنانا ، سکلیڈ جانچنے کا پیمانہ وغیرہ کو مسودے میں شامل ہونا چاہیے ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں اور صنعتوں دونوں پر پریشر ڈالنا پڑے گا تب ہی بہتری ممکن ہے ۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ ہمیں 6 ہفتوں کی مہلت دی جائے جس میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر ایک سیمینار کا انعقاد کر ایا جائے گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے تجاویز مرتب کر کے بل کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنا کر ملک و قوم کیلئے بہتری لائی جائے گی ۔ ذیلی کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹررخسانہ زبیر ی کے علاوہ چیئرمین ایچ ای سی طارق بروہی ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی لیفٹینٹ جنرل (ر) اصغر ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو ٹیک ڈاکٹر ناصر خان ، ڈپٹی سیکرٹری وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت محمد اقبال ، ریکٹر بحریہ یونیورسٹی ناصر محمود و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

اے پی پی / عمار برلاس /شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد