نواز شریف کے معائنے کیلئے قائم 4رکنی بورڈ ایک مکمل اور جامع میڈیکل بورڈ ہے: فیاض الحسن چوہان

0
61

لاہور،16فروری(اے پی پی ):صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف کےصحت کے  معائنے  کیلئے  قائم 4رکنی بورڈ ایک مکمل اور جامع میڈیکل بورڈ ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت نے کہا کہ (ن) لیگ کے قائد ین کی طرف سے پروپگینڈا کیا جا رہا ہے کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کے لیے جو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے اس کا سربراہ گائنا کالوجسٹ ہے۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور آل شریف نے اپنے آپ کوخود مذاق کا نشانہ بنایا ہے۔ پنجاب حکومت کی  جانب سے نوازشریف کے معائنے کیلئے قائم میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عارف تجمل ہیں، جو جناح ہسپتال کے پرنسپل ہیں۔پروفیسر عارف تجمل کو انتظامی سربراہ ہونے کی وجہ سے بورڈ کا سربراہ بنایا گیا ہے۔بورڈ میں کارڈیالوجسٹ زبیر اکرم، یورلواجسٹ اور میڈیسن کے پروفیسر بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نواز شریف کی بیماری کے حوالے سے کسی قسم کی سیاست نہیں کرنا چاہتی۔

اے پی پی /لاہور/حامد

سورس:وی این ایس ، لاہور