پاکستان اور افغانستان کے درمیان قریبی تعاون خطے میں خوشحالی اور عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے: اسپیکر قومی اسمبلی

32

اسلام آباد ،12فروری( اے پی پی): پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے مابین قریبی تعاون خطے میں خوشحالی اور عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

 ان خیالات کا اظہار  اسپیکر قومی   اسمبلی  اسد قیصرنےپاکستان میں نامزد افغانستان کے سفیر شْکراللہ عاطف مشال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں اسپیکر سے ملاقات کی ۔

اسپیکر نے کہا کہ سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پْر امن، مْستحکم اور خوشحال افغانستان دیکھنے کا خواں ہے اور پْر امن اور مْستحکم افغانستان خطے کے امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ خطے اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر افغانستان میں پائیدارامن کے قیام کے لیے کو شاں ہے۔انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ پاک افغان تجارت کے باعث دونوں ملکوں کو فوائد حاصل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے تیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

 پاکستان میں نامزد افغانستان کے سفیر شْکراللہ عاطف مشال نے سپیکر کے خیالات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتاہے اور پاکستان نے افغان مہاجرین کی جس طرح مہمان نوازی کی ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور افغانستان پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شعبوں سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ محبت اور خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں

اے پی پی / احسن/فاروق

وی این ایس، اسلام آباد