پاکستان کے عوام شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کی تائید اور حمایت کرتے ہیں: چوہدری فواد حسین

87

اسلام آباد،16فروری(اے پی پی ):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان کے عوام شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کی تائید اور حمایت کرتے ہیں۔

ہفتہ  کے روز سعودی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سعودی عرب سے تعلقات اقتصادی روابط اور اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی کرتی ہے۔وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دوروں سے دونوں ملکوں کےدرمیان مضبوط تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو تذویراتی شراکت داری میں بدل دیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا حقیقت حال کی عکاسی کرتا ہے اگر صورت حال مثبت ہے تو میڈیا مثبت تاثر دے گا،پاکستان اور سعودی عرب میں مثبت صورتحال ہے تو دونوں ملکوں میں مثبت صورتحال کی عکاسی ہورہی ہے۔پاکستان  میں سعودی وزارت اطلاعات کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں جن کو دیکھ کر اکثر لوگ سوئٹزرلینڈ کو بھی بھول جاتے ہیں، پاکستان میں دنیا کی بلند ترین برفانی چوٹیاں ، سمندراور قدرتی مناظر موجود ہیں، ہم چاہتے ہیں عرب ممالک کے لوگ یورپ جانے کے بجائے سیرو سیاحت کے لئے پاکستان کا رخ کریں،سعودی شہریوں کے لئے ہم نے ویزہ کی مخصوص سہولتیں فراہم کی ہیں۔اس سلسلے میں ایک جامع مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔اس حوالےسے ہم نے ایک مشترکہ کمیٹی بھی قائم کی ہے ۔

وزیر اطلاعات نےمزید  کہا کہ اسلامی رواداری کے فروغ کیلئے سعودی وزارت اطلاعات کے ساتھ بھر پور تعاون کررہے ہیں ،وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر بنایا جائے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی رواداری ،اسلامی اخوت ، غریبوں کی دادرسی اور انصاف پر مبنی پر معاشرے کی بنیاد ڈالی تھی،درحقیقت شہزادہ محمد بن سلمان کے خیالات بھی انہی اقدار پر مبنی ہیں۔

وزیر اطلاعات  نے کہا کہ سعودی فلسفہ عالم اسلام کی ایک بڑی طاقت کی حیثیت سے ابھر رہاہے،مستقبل میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل اپنا یا جائے گا۔

اے پی پی /عمار برلاس/حامد

وی این ایس ،اسلام آباد