سعودی ولی عہد سے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں پارلیمانی وفد کی ملاقات

218

اسلام آباد، 18  فروری (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ  سعودی ولی عہدکے  دورہ  پاکستان  سے دونوں ممالک کے لئے  مثبت نتائج سامنے آئیں گے جبکہ اسپیکر اسد قیصر کہتے ہیں سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے، پاک سعودی دیرینہ اور برادرانہ تعلقات پر پوری قوم کو فخر ہے۔۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات  کی اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کی بدولت دونوں ممالک میں ایک نئی اقتصادی شراکت داری کا آغاز ہوگا اور تعلقات کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہاکستان اور سعودی عرب مل کر علاقائی اور خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری  اور شراکت داری سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہاہے کہ سعودی عرب اور پاکستان برادر دوست ملک ہیں،دونوں ممالک ہر مشکل حالات میں ہمیشہ ساتھ ساتھ رہے ہیں۔

ملاقات کر نے والوں میں  قائد ایوان سینٹر شبلی فراز، قائد حزب اختلاف سینٹر راجہ محمد ظفر الحق، سینٹر شیری رحمان، سینٹر مشاہداللہ خان ، سینٹر محمد آعظم خان سواتی اور سینٹر اورنگ زیب خان اورکزئی ، ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی  قاسم خان سوری، چیف وہپ عامر ڈوگر اور وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان بھی  شامل تھے ۔

اے پی پی/سحر/صائمہ/طاہرمحموداعوان

وی این ایس،اسلام آباد