سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا: وزیر اعظم عمران خان

356

اسلام آباد، 14 فروری (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا پاکستان آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان  کی زیر صدارت  سعودی ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان  کے پاکستان پہنچنے پر استقبال، پاکستان میں مصرو فیات   کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں معزز مہمان کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی صورتحال اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیے ہرممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت آسان ویزہ اور کاروبار کے لیے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔

اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر توانائی سرور خان، مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی افتخار درانی، یوسف بیگ مرزا، اطلاعات ، خارجہ امور، داخلہ ، خزانہ اور تجارت کی وزارتوں کے  وفاقی سیکریٹریز، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ اور    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور  شریک ہوئے۔

اے پی پی/ حمزہ رحمٰن/فاروق

سورس: وی این ایس، اسلام آباد