سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا اسلام آباد پہنچنے پر پُر تپاک استقبال

248

 

 

 

اسلام آباد،17فروری( اے پی پی):سعودی ولی عہد محمد بن سلمان تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، نور خان ائر بیس پہنچنے پرسعودی ولی عہدکا پُر تپاک استقبال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا اور سینئر حکام کے ہمراہ شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال کیا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  اور وفاقی وزرا  بھی معزز مہمان کے خیر مقدم کیلئے موجود تھے۔ معزز مہمان کی آمد پر 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ پاکستانی ثقافتی کپڑوں میں ملبوس بچوں نے ولی عہد کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ وزیر اعظم نے معزز مہمان کو استقبال کیلئے موجود وفاقی وزرا اور دیگر حکام کا تعارف بھی کرایا۔

 بعد ازاں وزیر اعظم معزز مہمان ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان  کی گاڑی کو خودچلاتے ہوئےوزیر اعظم ہاؤس  کیجانب  روانہ ہوگئے۔

قبل ازیں سعودی ولی عہد کا جہاز جب پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو پاک فضائیہ کے مایہ ناز جنگی طیاروں جے۔ایف17 تھنڈر اور ایف-16 طیاروں  نے معزز مہمان کے جہاز کو سلامی دی اور اپنے حصار میں لے لیا۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد کا منصب سنبھالنے کے بعد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن/حامد

وی این ایس،اسلام آباد