شبیر اقبال نے سی اے ایس اوپن گالف چیمپین شپ میں تاریخی فتح حاصل کر لی

261

کراچی،17 فروری (اے پی پی):پاکستان کے نمبر 1 گالفر شبیر اقبال نے 16 انڈرپار کھیل کر 38ویں چیف آف دی ائیر اسٹاف اوپن گالف چیمپین شپ میں تاریخی فتح سمیٹ لی۔

 ائیرمین گالف کورس پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں کھیلی جانے والی اس سب سے بڑی چیمپین شپ کے چوتھے راؤنڈ کے آغاز میں ہی شبیر نے ایک بوگی کھیلی تاہم انہوں نے کھیل پربھرپور توجہ مرکوز رکھتے ہوئے تین برڈیز کھیل کر اپنا راؤنڈ 16انڈر 272پر ختم کر کے ایک فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ محمد منیر 4انڈر 284 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔جب کہ تیسری پوزیشن حقدار محمد اشفاق اور حمزہ امین قرار پائے جنہوں نے کھیل کا اختتام1انڈر287کے اسکور پر کیا۔

80لاکھ انعامی رقم کی اس چیمپین شپ کی تقریبِ تقسیمِ انعامات اتوار کی شام ائیرمین گالف کورس پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں منعقدہ ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی ائیر مارشل عاصم ظہیر، وائس چیف آف دی ائیر اسٹاف پاکستان ائیر فورس تھے۔انہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے۔

مہمانِ خصوصی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انتظامی کمیٹی اور ائیر مین گالف کورس کے تمام عہدیداروں کو چیمپین شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ اسکواش اور سرمائی کھیلوں کے ساتھ ساتھ گالف کو بھی فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے ۔ پاک فضائیہ ائیرمین گالف کلب کورنگی کریک میں ایک بہترین ٹرنینگ اکیڈمی قائم کرے گی ۔ جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت کے لئے بہترین سہولیات فراہم کی جائے گی۔

 چیف آف دی ایئر اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ 1977میں پہلی مرتبہ متعارف کرائی گئی تھی جس کے بعد سے یہ ہر سال پاکستان گالف فیڈریشن اور پاکستان ایئر فورس کے سالانہ کیلنڈر کا ایک اہم ایونٹ بن چکی ہے۔

اے پی پی /کراچی/حامد

وی این ایس ، کراچی