عالمی بحری قوتوں کے ساتھ مشترکہ مشقیں عالمی امن اور خوشحالی کے لئے پاکستان کے عزم کی مظہر ہیں :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

262

کراچی،09 فروری (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلیو اکانومی اور بحری وسائل کے موثر استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امر پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کے زیر اہتمام ’’بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاست، بحر ہند میں میری ٹائم ڈائنامکس پر غور و فکر‘‘ کے عنوان کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کے زیر اہتمام سہ روزہ انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بحر ہند دنیا بھر کے لئے خوراک، میری ٹائم نقل وحمل اور توانائی کی سپلائی کا اہم راستہ ہے اور اس خطے میں موجود بڑی قوتوں کی یہاں موجودگی موجودہ پیچیدہ سیکیورٹی ماحول میں اس کی اہمیت کو مزید بڑھاتی ہے۔ انہوں نے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن 2019ء کی صورت میں خطے کی اور عالمی بحری قوتوں کے ساتھ مشترکہ مشقیں عالمی امن اور خوشحالی کے لئے پاکستان کے عزم کی مظہر ہیں، پاکستان خطے کا اہم ملک ہونے کے حیثیت سے خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مل جل کر کام کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے کی عوام کے لئے امن، استحکام اور معاشی خوشحالی کے مشترکہ مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔

اس موقع پر موجود چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے افتتاحی خطاب میں تمام مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور انڈین اوشن ریجن میں امن واستحکام کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے عالمی میری ٹائم تعاون کا خواہاں رہا ہے اور کمبائنڈ میری ٹائم ٹاسک فورس 150 اور 151 کا اولین رکن ہونے کے ناطے افرادی قوت اور مادی معاونت کے حوالے سے ان کمبائنڈ فورسز میں سب سے زیادہ اعانت کرتا رہا ہے۔ قومی سطح پر پاک بحریہ نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد بحر ہند کے اہم حصوں کی سیکیورٹی یقینی بنانا ہے، پاکستان کو اس خطے میں اہم مقام پر واقع ہونے کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا کرنے کی تیاری اور میری ٹائم سیکٹر میں بہتری لانے کے لئے ایک موثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ روائتی اور غیر روائتی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی خاطر دنیا بھر کی بحری افواج کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور چھٹی امن مشق کا انعقاد عالمی امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا ثبوت ہے۔

اے پی پی/ وی این ایس / شاہ زیب

وی این ایس  کراچی