مسافر اور فریٹ ٹرینوں کے لیے روسی کمپنی کے مشترکہ معاہدہ کے لیے تیار ہیں: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید

291

اسلام آباد، فروری 11 (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید  نے  کہا ہے کہ مسافر اور فریٹ ٹرینوں کے لیے ہم روسی کمپنی کے مشترکہ معاہدہ کے لیے تیار ہیں اور ہم روسی ریلوے کمپنیوں کو حالیہ دیے جانے والے ٹینڈر میں ترجیح دیں گے۔  مشہور زمانہ روس کی ٹرین بنانے والی کمپنی TMH کے وفد کی وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید سے ملاقات ہوئی۔اس موقع پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہمیں آٹھ سو فریٹ اور تین سو مسافر کوچز چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری 69 لوکو موٹو ناکارہ ہیں جن کی بحالی کے لیے ہم کوشاں ہیں اور اب تک مقامی سطح پر پانچ انجنز کو مرمت کر چکے ہیں۔

 ملاقات کے دوران روسی وفد نے کہا کہ ہماری کمپنی TMHہر قسم کی ٹرینیں بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ کمپنی سروس، مینٹنس اور سپیر پارٹس بھی بناتی ہے۔ اپنی  کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے روسی وفد کا مزید  کہنا تھا  کہ گزشتہ سال ہم نے مصر کے ساتھ بھی ایک ہزار کوچز کا معاہدہ کیا ہے اور  ارجنٹیناکی حکومت بھی ریلوے کے شعبے میں ہماری خدمات حاصل کر رہی ہے۔

وزیر ریلوے نے روسی وفد کو رسالپور اور کیرج فیکٹری اسلا م آباد کے دورے کی دعوت د۔ انہوں نے  امید کا اظہار کیا کہ روس کے ساتھ مل کر ریلوے کی بحالی کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں اور روسی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

اے پی پی/فواد/قراۃالعین

وی این ایس، اسلام اباد