معروف دینی تنظیم دعوت اسلامی کا بلین ٹری سونامی مہم میں ایک ارب درخت لگانے کا اعلان 

286

اسلام آباد، 01 فروری (اے پی پی): معروف دینی تنظیم دعوت اسلامی نے وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی میں بھرپور شرکت کا اعلان کرتے ہوئے ایک بلین درخت لگانے کی ذمہ داری اٹھانے کا عندیہ دیا ہے اور اس مقصد کے لئے افرادی قوت اور مالی وسائل بھی فراہم کئے جائیں گے۔
آج جمعہ کو دعوت اسلامی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ملاقات کی۔ وفد میں دعوت اسلامی کے نگران مجلس رابطہ انجینئراحتشام، محمد اکرام اور نواب خان شامل تھے۔
دعوت اسلامی کے وفد نے بتایا کہ ان کی تنظیم کے امیر علامہ الیاس قادری کی خواہش ہے کہ وزیراعظم کے دس بلین ٹری سونامی پروجیکٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس کار خیر میں اپنی خدمات پیش کریں۔دعوت اسلامی کا عزم ہے کہ ایک ارب درختوں کی شجرکاری کا ہدف پانچ سال کی مدت میں اپنے وسائل اور افرادی قوت سے حاصل کرینگے ۔ ملک امین اسلم نے دعوت اسلامی کے عزم کو سراہا اور مفاہمتی یاداشت تشکیل دینے کے احکامات دیے اور بتایا کہ شجرکاری کیلئے زمین حکومت فراہم کرے گی ۔ مفاہمتی یاداشت برائے باہمی معاونت جلد تحریر ہوگی۔ ۹ فروری کو وزیراعظم اس سال شجرکاری مہم کا افتتاح کرینگے اور اس کے ساتھ ساتھ دعوت اسلامی بھی اپنے حصے کا ہدف حاصل کرنے میں کوشاں ہوگی۔
اے پی پی/احسان/فرح

سورس: وی این ایس اسلام آباد