نچلے طبقے کو روزگار، تعلیم، صحت اور انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے:وزیراعظم عمران خان

237

اسلام آباد، 4 فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نچلے طبقے کو روزگار، تعلیم، صحت اور انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے-

وزیراعظم آفس میں مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ دنوں میں غربت کے خاتمے کے لئے مکمل مربوط نظام متعارف کرایا جائے گا، کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ کمزور اور پسماندہ طبقے کی بہبود پر توجہ مرکوز کی جائے، موجودہ حکومت اس حوالے سے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 70 فیصد غریب خاندانوں کو دو مراحل میں صحت انصاف کارڈ جاری کر رہے ہیں جس سے عام آدمی کی زندگی پر بہتر اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کئی غریب گھرانے اپنی غربت کی وجہ سے بیماری کا علاج نہیں کرا سکتے۔ انہوں نے اپنی والدہ کی بیماری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب میری والدہ کو کینسر کا مرض لاحق ہوا تو اس وقت پاکستان میں کینسر کا کوئی ہسپتال موجود نہیں تھا۔

اے پی پی/ عمار برلاس /حامد

وی این ایس اسلام آباد