وفاقی وزیراطلاعات کیجانب سے اطالوی لکھاریوں کو دورہ پاکستان کی دعوت

216

اسلام آباد، 20 فروری ( اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  چوہدری فواد حسین   نے اطالوی لکھاریوں اور ایڈیٹروں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان اپنی متنوع ثقافت اور قومی ورثہ کے باعث دنیا کے سیاحوں کیلئے پرکشش منزل ہے۔

اسلام آباد میں اٹلی کے سفیر نے وفاقی  وزیر اطلاعات ونشریات سے ملاقات کی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی  وزیراطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہونگے

اطالوی سفیر  نے سیاحت کے شعبہ میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے کی تعریف کی  اور دونوں ممالک کے سیاحت سے وابستہ متعلقہ حکام کے مابین باقاعدہ رابطہ قائم کرنے کی  بھی تجویز دی ۔ اطالوی سفیر کا کہنا تھا کہ  پاکستان کا دورہ کرنے والے اطالوی سیاحوں میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔ جس پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ لوک ورثہ منہدم ہوتے موسیقی کے آلات کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ورثہ کو محفوظ بنانے کی کاوشوں میں اٹلی کی معاونت کے خواہاں ہیں۔

اطالوی سفیر نے وزیر اطلاعات کو اٹلی کے پاکستان کے ساتھ دفاع، توانائی اور آرکیالوجی کے شعبوں میں تعاون کے متعلق آگاہ کیا اور  آرکیالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اے پی پی / ناہید/فاروق

وی این ایس، اسلام آباد