پاکستان اور سعودی عرب میں شراکت داری مزید بڑھے گی: وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس

221

اسلام آباد، 18 فروری ( اے پی پی):پاکستان  اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ  پاکستان اور سعودی عرب  کے درمیان دیرینہ تاریخی مذھبی اور سفارتی تعلقات ہیں جو مستقبل میں مزید مضبوط ہونگے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مزید بڑھے گی۔

اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب  خالد الجبیر  کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اس سطح کا دورہ پندرہ سال بعد ہو رہا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب  پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معزز مہمان کی وزیر اعظم اوروفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں ۔ سعودی حکومت کی جانب سے جی سی سی کے بعد پاکستان کے ساتھ یہ کونسل بنائی گئی ، جس کا مقصد  دوطرفہ معاہدوں کو عملی جامع پہنانا ہے۔ اس میں جوائنٹ  کمیٹیاں بنائی گئی ہیں  ہیں جن کی طےشدہ پروگرام پر ملاقاتیں ہوا کریں گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کُل سات معاہدوں  پر دستخط ہوئے  ہیں جس میں فیز ون میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی۔ ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کیلئے ویزہ فیس کم ہو چُکی ہیں اور لوگوں  کیلئے سہولت اور آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔

سعودی وزیر مملکت براۓخارجہ امور عادل الجبیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ستر سال سے بہترین تعلقات موجود ہیں اور پہلے سے بہتر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا سعودی عرب کا سٹراٹیجک انٹریسٹ پاکستان کے ساتھ ہےاور ہم دوطرفہ تعاون اور تعلقات کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ  ریفائنری ، پیٹرو کیمیکل اور تجارت کے تین معاہدے بھی باقی معاہدوں میں شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سعودی وزیر خارجہ   کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کاخاتمہ چاہتے ہیں۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین مسائل کا دوطرفہ انداز میں پرامن حل ہو۔

اے پی  پی /حمزہ رحمٰن/حامد

وی این ایس اسلام آباد