پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم باسیوں کے ساتھ اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی امداد جاری رکھے گا: شاہ محمود قریشی

271

اسلام آباد: 11 فروری (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم باسیوں کے ساتھ اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی امداد جاری رکھے گا جبکہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں قیام امن کے لیئے طاقت کے استعمال کی بجائے، سیاسی مذاکرات کے ذریعے قیام امن کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

وزارت خارجہ میں مشاورتی کونسل برائے خارجہ امور کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اب ساری دنیا ہمارے نقطہ نظر  کی تائید کرتی ہوئی نظر آتی ہے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کی اس مشترکہ ذمہ داری کو دوسرے علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر بطریق احسن سر انجام دے رہا ہے۔

اجلاس میں افغان امن عمل کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ روابط کے فروغ سمیت خارجہ پالیسی کے کثیر الجہت پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تارکینِ وطن کے ساتھ روابط بڑھانے کے لئے سیاحت، تجارت ،سرمایہ کاری، قانونی امداد اور تعلیم جیسے شعبوں کو بروئے کار لانے پر بھی زور دیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مشاورتی کونسل کے اراکین کو اپنے حالیہ دورہ ء برطانیہ سے بھی آگاہ کیا۔

 اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سابق سفراء، خارجہ سیکرٹریز ،ماہرینِ بین الاقوامی امور اور دیگر اراکین مشاورتی کونسل شریک ہوئے۔

اجلاس کے آغاز میں سابقہ سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر کی  والدہ مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن/حامد

وی این ایس اسلام آباد