پاک بحریہ کے زیراہتمام کثیر الملکی میری ٹائم امن مشق 2019 اختتام پزیر

248

کراچی: اے پی پی ،12 فروری،(اے پی پی ) پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی کثیرالملکی میری ٹائم مشق شمالی بحیرہ عرب میں بحری حربی تدبیروں اور انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔مشق میں 46 ممالک نے امن کے لیے متحد کے عزم کے تحت حصہ لیا۔

شمالی بحیرہ عرب میں مشق کے اختتامی سمندری فیز کے دوران منعقدہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے مہمان خصوصی صدرِ پاکستان جناب ڈاکٹر عارف علوی تھے۔46ممالک کے بحری اثاثوں بشمول جنگی بحری جہازوں ، ہیلی کاپٹرز،اسپیشل آپریشنز فورسزاور مندوبین نے مشق میں حصہ لیا۔پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک بحریہ کے سینئر افسران نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیر دفاع، وزیر برائے دفاعی پیداوار، وزیراعلی سندھ، چیئرمیں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،چیف آف آرمی اور چیف آف ایئر اسٹاف بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ سفیروں، اعلی عسکری حکام، مختلف ممالک کے دفاعی و نیول اتاشیوں اور اعلی حکام بھی انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے موقع پر موجود تھے۔مہمانِ خصوصی نے مختلف آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا جن میں سطح سمندر سے مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے کی فائرنگ اور سمندر میں ایک جہاز سے دوسرے جہاز کو تیل کی فراہمی اورمختلف بحری جنگی تدابیر کا مظاہرہ شامل تھا۔ فلیٹ ریویو کے دوران مشق میں شریک ممالک کے ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹرز کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔بعدازاں، مشق میں حصہ لینے والے جہازوں نے میری ٹائم خطے میں اتحاد اور ہم آہنگی کے اظہار کے لیے روایتی امن فارمیشن بنائی۔صدر پاکستان نے اس بڑی مشق کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کو مبارک باد پیش کی اور خطے میں قیامِ امن و استحکام کے ضمن میں پاکستان کے عزم کو سراہا۔

اے پی پی/کراچی/طاہرمحموداعوان

وی این ایس کراچی