یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان قونصلیٹ جدہ میں تقریب کا انعقاد

336

جدہ (سعودی عرب)،  06  فروری (اےپی پی): یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان قونصلیٹ جدہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔  تقریب میں سکول کے طلباء کے درمیان یوم یکجہتی کشمیر کے موضوع پر اردو اور انگریزی میں تقریری مقابلہ ہوا۔  پاکستان انٹرنیشنل سکولزعزیزیہ اور پاکستان انٹرنیشنل سکول رحاب کے طلباء نے حصہ لیا ،آخر میں طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں.سکول کے بچوں نے یکجہتی کشمیر پر نغمے بھی پیش کئے، جن کو حاضرین نے خوب سراہا۔

قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کشمیر کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انھوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کے حوالہ سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے،  جس کے تحت ان کو اپنی مرضی سے انتخاب کا اختیار دیا گیا ہے۔

قونصل جنرل نے کشمیر پر دوٹوک مؤقف اپنانے پر خادمین حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کے کردار کی بھی تعریف کی جس کی بدولت کشمیر کے مسئلے کو نئی جہت ملی۔

 شہریار اکبر خان نے کشمیر کمیٹی کے اراکین کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انکی کاوشوں کو سراہا.

کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود پوری نے اپنے خطاب میں یوم یکجہتی کشمیر کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی. انھوں نے بتایا کہ نئی نسل کشمیر کے لئے زیادہ پرعزم ہے اور انشاءاللہ وہ کشمیر کو آزادی دلانے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

تقریب میں  پاکستانی کمیونٹی، سکول کے طلباء اور قونصلیٹ کے حکام نے شرکت کی۔

اے پی پی/امیر محمد/نورین

سورس: وی این ایس جدہ