امن وامان کی بحالی بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیر اعلی بلوچستان

3

کوئٹہ، 14 مارچ (اے پی پی): وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی ترجیحات میں امن وامان کی بحالی سرفہرست ہے،بلوچستان حکومت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کی بہتری کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں،پولیس کو جدید ترین اسلحہ وآلات سے لیس کرنے اور اعلیٰ تربیت مہیا کرنے کے لئے ہرممکن معاونت مہیا کی جائے گئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول میں منعقدہ نویں اے ٹی ایف کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پولیس کے تمام شہداء اور زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے فرائض کی انجام دہی میں جان کی پرواہ نہ کی۔بلوچستان پولیس نے صوبے میں عوام کی جان ومال کی حفاظت اور امن عامہ کے قیام کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیر اعلی نے پاس آؤٹ ہونے پولیس افسران اور اہلکاران کو مبارکباد دی۔ تقریب کے دوران انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے متاثر کن مظاہرے پیش کئے، وزیراعلیٰ نے مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس نے سلامی پیش کی، وزیراعلیٰ نے دوران تربیت اعلیٰ تربیت کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔

تقریب سے آئی جی پولیس محسن حسن بٹ نے بھی خطاب کیا۔

سورس: وی این ایس بلوچستان