عالمی دن برائے تحفظ حقوق صارفین

10

سیالکوٹ،  15 مارچ (اے پی پی):  صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ضلع سیالکوٹ میں بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ پرائس مجسٹریٹ صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے مقدمات صارف کورٹ میں بھجوائیں گے۔ صارفین کو آگاہی دیں گے اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید بلال حیدر نے عالمی دن برائے تحفظ حقوق صارفین کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے  کہا کہ پنجاب تحفظ صارفین ایکٹ2005ءکے تحت صارفین کو دیئے گئے قانونی حقوق کے عملی نفاذ کیلئے ضلع اور تحصیل کی سطح پر بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صارفین کو دیئے گئے حقوق کے تحفظ کےلئے تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں تحفظ صارفین کونسل کو متحرک کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا اور معیاری مصنوعات و خدمات کی فراہمی سے عوام کامعیار زندگی بہتر بنانا ہے ۔

تقریب سے دیگر معززین نے بھی خطاب کیا۔

سورس: وی این ایس سیالکوٹ