وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر ڈی جی  پنجاب فوڈ اتھارٹی نے  چکن فیڈ  میں ہارمونز کی موجودگی کی تحقیقات  کا حکم دے دیا

3

لاہور، 15 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر ڈی جی  پنجاب فوڈ اتھارٹی نے  چکن فیڈ  میں ہارمونز کی موجودگی کی تحقیقات  کا حکم دے دیا ہے۔

فوڈ اتھارٹی نے اشیائے خورونوش میں رنگوں کے استعمال اور چکن فیڈ میں ہارمونز کی موجودگی  کی تحقیقات کا  فیصلہ محکمانہ   کارکردگی اور طے کیے گئے اہداف کے جائزہ اجلاس کے دوران کیااور اس تمام معاملے کی ذمہ داری ٹیکنیکل ونگ کو دے

دی۔ اجلاس میں ٹیکنیکل،ہیڈکوارٹر اور لائسنسنگ ونگ کے سر براہان نے کارکردگی رپورٹ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کو پیش کی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ٹیکنیکل ونگ کو 19 لیٹر پانی کی بوتلوں پر بار کوڈ لگانے کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ بار کوڈ لگانے سے بوتل کو کتنی مرتبہ استعمال کیا گیا، یہ پتہ چلایا جا سکے گا۔انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ فروزن فوڈز کے گزشتہ ماہ لیے گئے نمونوں کی رپورٹ بھی جلد از جلد مکمل کی جائے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے یہ بھی ہدایت دی کہ اشیائے خورونوش کی تیاری میں استعمال کیے جانےوالے رنگوں کا تجزیہ بھی جلد مکمل کیا جائے۔ بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کے اگلے مرحلے کی سیمپلنگ جلد مکمل کرکے مفاد عامہ کیلئے نتائج جلد جاری کیے جائیں۔

کیپٹن (ر)محمد عثمان نے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کو عوامی مفاد کے پیشِ نظر سیمپلنگ نتائج سوشل میڈیا پر بھی جاری کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں محفوظ اور صحت مند خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا صحت مند پنجاب مشن کے حصول کی بنیادی ضرورت ہے۔

سورس : وی این ایس لاہور