گوادر بندرگاہ پورے خطے کے لئے مواقعوں کی بندرگاہ کی حیثیت اختیار کرگئی ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

6

کوئٹہ، 14 مارچ (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے بلوچستان بالخصوص گوادر کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور گوادر بندرگاہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے مواقعوں کی بندرگاہ کی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نےکویت کے قونصل جنرل محمد عبداللہ الخالدی سے ملاقات کے دوران کہا کہ لائیو اسٹاک اورزراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے مرحلہ وار سرمایہ کار کانفرنس کے انعقاد کا آغاز کرنے جارہے۔

اس موقع پر کویت کے قونصل جنرل نے کہا کہ کویت کے سرمایہ کار بلوچستان میں واٹر ٹریٹمنٹ اور ڈی سیلینیشن کے علاوہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، کویت اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جنہیں معاشی شعبہ میں مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔

ملاقات میں بلوچستان کے مختلف شعبوں میں کویتی سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی،وزیراعلیٰ نے کویتی سرمایہ کاروں کو معدنیات، لائیواسٹاک، ماہی گیری سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی  دی۔

سورس: وی این ایس بلوچستان