بھارت امن کی طرف قدم  اٹھائے ، پاکستان دو قدم اٹھانے کے لئے تیار ہے، اسد عمر

319

اسلام آباد ،15 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ امن کی کوشش کی ہے اور ہمارا یہ موقف اب بھی قائم ہے کہ بھارت امن کی طرف ایک قدم اٹھائے تو پاکستان دو قدم اٹھانے کے لئے تیار ہے۔بھارت کی طرف ہماری دوستی کا ہاتھ اب بھی دراز ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جنوبی ایشیا اقتصادی ترقی کا مرکز بنے اور پوری دنیا کو اس ترقی اور خوشحالی کے فوائد ملیں۔

غیرملکی سفارت کاروں کے لئے فارن سروسز اکیڈمی کے زیراہتمام منعقدہ 27 ویں کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ کئی عشروں سے پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا۔ کئی ممالک کے لوگ پاکستان کا سفر کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے تھے لیکن اب صورت حال بدل گئی ہے۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ پاکستان کو اگر اپنے جغرافیائی صورت حال کے باعث کچھ چیلنجز کا سامنا ہے تو یہ جغرافیائی صورت حال پاکستان کے لئے بہت سے فوائد بھی لے کرآتاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی مذاہب کا گہوارہ ہے۔ یہاں سکھ مذہب نے جنم لیا۔ ہندومت  اور بدھ مت کے اولین آثار بھی یہاں ملتے ہیں اور آج پاکستان نہ صرف اسلام کا مرکز ہے ۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالمذاہب، کثیرالقومی اور متنوع ثقافتوں کا ملک ہے اور عالمی سیاست میں بھی پاکستان کا  ایک اہم ترین کردار ہے۔ سی پیک کے نام سے ہم چین کے ساتھ مل کر ایک نئے اقتصادی دور کا آغاز کررہے ہیں۔ انہوں نے آگاہ  کیا کہ ترکی کے ساتھ جامع تعاﺅن کا ایک اہم ترین معاہدہ جلد ہی ہونے والا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ اعلیٰ سطح پر سٹریٹجک کونسل قائم ہورہاہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ  ایران کی تنہائی دور کرنے کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنا چاہتاہے۔ افغانستان کے امن میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان تنازعہ کا حل مذاکرات میں تلاش کرنے کی بات کی ہے۔ افغانستان ایک منفرد ملک ہے۔ دو سپرپاورز کے حملوں میں افغان عوام نے بہت دکھ اٹھائے ہیں اور ان دکھوں کے منفی اثرات لازماً پاکستان پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ اس لئے ہم افغان امن کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے خطرات تو ٹل گئے ہیں لیکن جب تک وہاں انتخابی عمل جاری ہے تو کشیدگی بھی کم ہوتی نظر نہیں آرہی۔

وفاقی وزیرخزانہ نے  کہا کہ پاکستان کا پیغام امن، خوشحالی، رواداری اور ترقی ہے۔ انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے سفارت کاروں سے کہا کہ وہ پاکستان کے بارے میں بہت کچھ جان چکے ہیں اور امید  کا اظہار کیا کہ وہ آگے پاکستان کا پیغام موثر طریقے سے پہنچانے کے لئے اپنا کردار اداءکریں گے۔

سورس : وی این ایس،اسلام  آباد