سعودی عرب میں یوم پاکستان کی تقریب منعقد ، دیار غیر میں وطن عزیز سے تجدید عہد کو دہرایا گیا

241

 ریاض (سعودی عرب)،  22  مارچ   (اے پی پی ):  پاکستان سفارت خانہ  کے نائب سفیر ذیشان احمد نے کہا ہے  کہ قیام پاکستان کا حصول دو قومی نظریے کی بنیاد پر عمل میں لایا گیا اور جب سے ہم آزاد ہوئے ہیں تب سے ہم آج تک چار سے زائد بڑی جنگیں لڑ چکے ہیں مگر قوم نے قربانیاں دے کر ملکی دفاع کو یقینی بنایا ہے تاہم ضرورت ہے کہ ہم دو قومی نظریے کے مطابق پاکستان کولے  کر  چلیں۔

سعودی عرب میں کشمیر انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی  جس  میں مقررین کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کو اقوام عالم میں بلند مقام دلانا ہے تو ہمیں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونا ہوگا اور 23 مارچ 1940 جیسی یگانگت کا اظہار کرکے پاکستان کی ترقی کے لئے عملی کام کرنا ہوگا اور بحثیت قوم ہمیں اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروکار لاکر ملک و قوم کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے صدر سردار عبدالرزاق خان کا کہنا تھا کہ ہم بطور کشمیری پاکستان سے دل وجان کے ساتھ پیار کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا تب تک تکمیل پاکستان کا خواب پورا نہیں ہوتا اور پاکستان جس طرح دنیا کے ہر فورم پر کشمیری عوام کا مقدمہ لڑ رہا ہے اس سے وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھی آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

تقریب میں دیار غیر میں وطن عزیز سے تجدید عہد کو دہرایا گیا ، بچوں نے ملی نغمے بھی گائے اور قومی پرچم لہرا کر وطن عزیز سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کیا۔

تقریب سے زاہد لطیف سندھو، محمد اصغر قریشی، رانا عدیل، احسان دانش اور دیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں سفارت خانہ  کے نائب  سفیر سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

 

وی این ایس ریاض