سفارت خانہ پاکستان ریاض اور جدہ میں قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر یوم پاکستان پرچم کشائی کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا

216

جدہ ،23 مارچ (اے پی پی): سفارت خانہ پاکستان ریاض  اور جدہ میں قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر یوم پاکستان    پرچم کشائی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں  جس میں تینوں مسلح افواج کے اہلکاروں سمیت کیمونٹی کے سینکڑوں مردو خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ سفارت خانہ ریاض اور جدہ  میں پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستانی کیمونٹی نے پرجوش انداز میں شرکت کی۔

اس موقع  پر ریاض میں  قائم مقام سفیر ذیشان احمد نے پرچم کشائی کی اور لوگوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، جبکہ جدہ میں قونصل جنرل شہر یار اکبر نے پرچم کشائی کی  اور صدر پاکستان عارف علوی ، وزیر اعطم عمران خان کے بیانات پڑھ کر بھی سنائے گئے ۔

تقاریب میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حوالے سےپیغامات میں کہا گیا تھا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ پرچم کشائی  کی تقریب میں  آنے والے کیمونٹی ممبران نے قومی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے اور ان کا یہ کہنا تھا کہ وہ قومیں ہمیشہ قائم و دائم رہتی ہیں جو اپنے قومی تہوار جوش وخروش کے ساتھ مناتی ہیں۔

پاکستانی  کمیونٹی  کا مزید کہنا تھا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا اوراب  ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔

 

سورس: وی این ایس، جدہ،  ریاض