مالی اعانت اور پشت پناہی کرنے والے بھی دہشتگردوں میں شامل ہیں، اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر راحیل شریف کا سعودی دارلحکومت ریاض میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب

224

ریاض (سعودی عرب)،05 مارچ(اے پی پی): مالی اعانت اور پشت پناہی کرنے والے بھی دہشتگردوں میں شامل ہیں، اسلامی اتحاد بے حد اہم اور شاندار پلیٹ فارم ہے۔ یہ ہمیں دہشت گردی کے انسداد کیلئے چہارجہتی کوششیں صرف کرنے کا بہترین موقع فراہم کررہا ہے۔ انسداد دہشت گردی اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ریاض میں اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کی جانب سے فکری ، ابلاغی اور عسکری شعبوں میں دہشت گردی سے نمٹنے کے فارمولے پیش کرنے کی خاطر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

 راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ 21 ویں صدی کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ دہشت گردی پوری دنیا کی بدترین برائی ہے ۔ راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گرد وسائل کے مالک ہیں اور مل جل کر کام کررہے ہیں۔ دہشت گرد داعش یا القاعدہ یا بوکوحرام وغیرہ تنظیموں تک محدود نہیں۔ یہ ان تنظیموں سے بہت زیادہ ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مالی اعانت اور پشت پناہی کرنے والے بھی دہشت گردوں میں شامل ہیں جبکہ خاموشی سے تاک میں بیٹھے گروہ زیادہ بڑا خطرہ ہیں۔

 ان سے قبل اتحاد کے سیکریٹری جنرل میجر جنرل محمد المغیدی نے توجہ دلائی کہ ہمیں اتحادی ممالک کے وزرائے دفاع کی امنگوں پر پورا اترنا ہے جنہوں نے اپنے پہلے اجلاس میں اتحاد کو کامیابی کی ضامن تمام سہولتیں فراہم کردیں۔ المغیدی نے کہا کہ مسلم معاشرے دہشتگردی کی آفت سے طویل عرصہ سے دوچار ہیں اور اب اس سے جنگ امت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ اسی تناظر میں اتحاد کا قیام امن میں لایاگیا ہے تاکہ دہشت گردی کی آفت کی بیخ کنی کی جاسکے۔

 انہوں نے رکن ممالک کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اس منفرد اتحاد میں شامل ہوکر منفرد روزگار کارنامہ انجام دے رہے ہیں۔ یہ اتحاد اپنے مزاج، رجحانات اور اسٹراٹیجک اہداف کے حوالے سے منفرد ہے۔

ریاض میں اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی کی جانب سے فکری ، ابلاغی اور عسکری شعبوں میں دہشت گردی سے نمٹنے کے فارمولے پیش کرنے سے قبل فارمولوں پر غور و خوض کیلئے رکن ممالک کے نمائندے جمع ہوئے۔

وی این ایس ریاض