وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت قبائلی علاقہ جات کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام کے حوالے سے انتظامی اصلاحات اور سیکیورٹی کی صورتحال سے متعلق اجلاس

203

مہمند،15مارچ(اے پی پی ):وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت مہمند قبائلی ڈسٹرکٹ کے ہیڈ کوارٹر غلہ نئی میں قبائلی علاقہ جات (سابقہ فاٹا) کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام سے متعلق اجلاس  ہوا جس میں  وزیر اعظم کو  انتظامی اصلاحات اور سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سابقہ قبائلی علاقہ جات میں انتظامی اصلاحات، عوامی نمائندگی و مقامی حکومتوں کے نظام، عوامی فلا ح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا  اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کے روڈ میپ کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی  گئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ انضمام شدہ علاقوں میں عدالتی نظام کلیدی اہمیت کا حامل ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انضمام شدہ علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کو کرپشن سے پاک رکھا جائے اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔

گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیرِ اعلیٰ محمود خان، وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور، وزیرِ مذہبی امور پیر نورالحق قادری، وزیرِ اعظم کے مشیر محمد شہزاد ارباب، وزیرِ مملکت شہریار خان آفریدی ، مشیر وزیر اعلی اجمل وزیر، کور کمانڈر پشاور،چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری  اور آئی جی ایف سی  بھی بریفنگ میں موجود تھے۔

سورس:وی این ایس،مہمند