پاکستان اور یورپی یونین کا معاشی اور سماجی شعبوں میں تعلقات کے فروغ اور سٹریٹجک تعلقات بڑھانے  پر اتفاق

402

اسلام آباد ، 25 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور یورپی یونین نے  معاشی اور سماجی شعبوں میں تعلقات کے فروغ اور سٹریٹجک تعلقات پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے  پیر کو وزارت خارجہ میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان وفود کی سطح پر  تزویراتی مذاکرات میں کیا گیا۔مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی  جبکہ یورپی یونین وفد کی قیادت امور خارجہ کی سربراہ فیڈریکا مورگینی نے کی۔

یورپی یونین وفد  نے پاکستان کی حکومتی ترجیحات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے غربت کے خاتمے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ  انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی اقدامات کی حمایت اور بھارت سے کشیدہ صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔

 مذاکرات میں کثیرالجہتی دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین موجودہ دوطرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فریقین کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، دیرپا ترقی، توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ سٹریٹجک شراکت داری پر اتفاق  بھی کیا گیا۔

وی این ایس ، اسلام آباد