پاکستان فٹ بال سپر لیگ رواں سال اکتوبر میں ہو گی

234

اسلام آباد، 25 مارچ (اے پی پی): فاٹا اولمپکس اینڈ فاٹا فٹ بال ایسو سی ایشن کے سربراہ شاہد خان شنواری نے کہا ہے کہ پاکستان فٹ بال سپر لیگ رواں سال اکتوبر میں ہو گی، حکومت اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے تعاون کے بغیر لیگ کامیاب نہیں ہو سکتی۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو تبدیلی فٹ بال کپ میں پاکستان فٹ بال سپر لیگ کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا تھا جو رواں سال اکتوبر میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ 5 فرنچائز پر مشتمل ہو گا جن میں خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، کوئٹہ اور قبائلی علاقہ جات،اسلام آباد، گلگت بلتستان سے فرنچائزز شامل ہیں، یہ لیگ 10 سال کا منصوبہ ہے۔ لیگ کے میچز کراچی، لاہور اور کوئٹہ میں کھیلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پلا ٹینم کیٹگریز میں دو، دو بین الاقوامی کھلاڑی کھیلیں گے،گولڈ کیٹیگری میں پاکستانی کھلاڑیوں کو رکھا جائے گا، سلور کیٹیگری میں ایمرجنگ پلئیرز کو رکھا جائے گا۔ 28 مارچ کو اسی ضمن میں پہلا نمائشی میچ قبائلی علاقہ جات اور واہ کینٹ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا،نمائشی میچ کے مہمان خصوصی چئیرمین سنیٹ صادق سنجرانی ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو ساتھ لے کر چلیں گے، ان کے تعاون کے بغیر اس ایونٹ کو کامیاب نہیں بنا سکتے۔

وی این ایس ، اسلام آباد