پاکستان کی  عوام بعض کرپٹ خاندانوں کو بچانے کے لئے سڑکوں پر نہیں نکلے گی: وزیراعظم عمران خان

286

اسلام آباد،مارچ25(اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان نے حزب اختلاف کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کی طرف ملین مارچ کی کال کو رد کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کے عوام بعض کرپٹ خاندانوں کو بچانے کے لئے سڑکوں پر نہیں نکلیں گے۔

 پیر کو وزیراعظم آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی خاندان کی بدعنوانی کو بچانے کے لئے دنیا میں کبھی بھی کوئی عوامی تحریک برپا نہیں ہوئی، اپوزیشن کی طرف سے ملین مارچ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ساڑھے چار ماہ احتجاج کیا لیکن یہ مسائل کے خلاف احتجاج تھا جبکہ دوسری جانب اپوزیشن اپنی منی لانڈرنگ کے مقدمات پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے اور بعض علاج معالجہ کی آڑ میں چھپنا چاہتے ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو پارلیمنٹ کے سامنے طویل دھرنے کے لئے اپنے خصوصی تیار کردہ کنٹینر کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی دھاندلی کے خلاف تحریک شروع کی تھی اور بعد ازاں پانامہ پیپر کے مسئلہ پر احتجاج کیا۔ انہوں نے اپنی بنی گالا پراپرٹی کے طویل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کی طرف سے طلب کردہ ہر دستاویز فراہم کی جبکہ دوسری جانب سابق وزیراعظم نے ادنیٰ ثبوت بھی فراہم نہیں کیا جس سے ثابت ہو کہ ان کا ایون فیلڈ اپارٹمنٹس سے کوئی تعلق نہیں۔ قومی احتساب بیورو کی طرف سے جاری مقدمات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کا پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیسز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ کیسز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2016ءمیں شروع کئے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پنجاب میں تقریباً 30 سال برسراقتدار رہی اور اس نے اپنی سیاسی اشرافیہ کے علاج کی سہولت کے لئے ایک بھی ہسپتال قائم نہیں کیا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ وہ اپنی فیکٹریاں اور کاروباری ایمپائر تو قائم کر سکتے ہیں لیکن ہسپتال نہیں بنا سکے۔

عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت 27 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے جامع تخفیف غربت منصوبے کا آغاز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے تجاویز کے ساتھ وہ ملک میں غربت سے نمٹنے کے لئے اقدامات اٹھانے جا رہے ہیں۔

وی این ایس  اسلام آباد