روزگار سکیم میں نوجوانوں اور مستحق افراد کو بلا سود قرضے دیئے جائیں گے: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

9

پشاور، 15اپریل(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ روزگار سکیم میں نوجوانوں اور مستحق افراد ، غریب اور مسکین خواتین کو کو بلا سود قرضے دیئے جائیں گے ، بدامنی سے جو علاقائی روزگار کو نقصان پہنچا اس کا بھی ازالہ کریں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مہمند  میں جشن بہاراں کی تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع مہمند کے  لوگوں نے بہت عرصے تک مشکلات جھیلیں لیکن اب سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے امن قائم ہو چکاہے مہمند کے عوام کے لیے روزگار سکیم کا افتتاح کر دیا ہے، اور ایک ارب روپے روزگار سکیم کے لیے مختص کردیے ہیں۔

محمود خان نے   کہا کہ مہمند کے لیے صحت انصاف سکیم اب سب کو صحت سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی، پینے کے پانی کے مسئلہ کو بھی حکومت ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، مہمند ڈیم کے نوکریوں میں مقامی افراد کو 100 فیصد ترجیح دیں گے اور پورے  ضلع میں بہت جلد 3g اور 4G انٹرنیٹ سروس کا آغاز کر لیا جائے گا، جبکہ صوبائی حکومت ضلع مہمند میں یونیورسٹی کیمپس بنانے کو  یقینی بنائےگی۔

اپنے خطاب میں نوجوانوں کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مستقبل سنبھالنا ہے، اور بڑھ چڑھ کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے،اس موقع پر کیپٹن روح اللہ شہید سٹیڈیم میں کھلاڑیوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے سامنے مختلف کرتب بھی دکھائے، جبکہ وزیر اعلی نے جشن بہاراں سپورٹ فیسیول میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شیلڈ بھی تقسیم کیے۔

سورس: وی این ایس پشاور