میئر اسلام آباد نے اگر ایک ماہ میں پانی کے مسئلہ حل نہ کیا تو ان کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے: علی نواز، خرم راجہ

2

اسلام آباد، 15 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے میئر اسلام آباد کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے منصوبے بنائیں، اگر انہوں نے پانی کے مسئلے پر قابو نہیں پایا تو ایک ماہ بعد ان کے دفتر کے باہر دھرنا دیا جائے گا،

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ  میں رکن قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی نواز کا کہنا تھا کہ رواں سال جون کے آخر میں اسلام آباد میں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا، سنگجانی میں سالٹ ویسٹ مینجمنٹ نظام بنائیں گے، اسلام آباد کے لوگوں کیلئے اس ماہ کے آخر میں نیا ماسٹر پلان دیا جائے گا۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے، یہاں کے مکینوں کو پانی کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، میٹروپولیٹن کارپوریشن سینٹری ورکرز کو اپنا معاوضہ نہیں دے رہے جس کی وجہ سے وہ اسلام آباد کی شاہراہوں کو بند کر رہے ہیں، اسملی ڈیم، خانپور ڈیم اور مختلف ٹیوب ویلز سے یومیہ 220 ملین گیلن پانی یہاں پر آتا ہے جن کو کم کر دیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 انہوں نے میئر اسلام آباد کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میئر صاحب آپ کو ابھی جاگنا پڑے گا،اسلام آباد کے رہائشی پانی کیلئے تڑپ رہے ہیں یہاں پر پانچ ماہ سے ان لوگوں کو پانی نہیں مل رہا،  انہوں نے میئر اسلام آباد کو ایک ماہ کا ٹائم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد کے شہریوں کیلئے پانی کے منصوبے بنائیں ورنہ ایک ماہ بعد اگر ان لوگوں کے پانی کے مسائل حل نہیں کئے گئے تو ان کے دفتر کیخلاف بھرپور دھرنا دیا جائے گا۔

اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین خرم نواز نے کہا کہ ایم سی آئی کے پاس فنڈز بھی موجود ہیں جس کے با وجود لوگ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں،بلدیاتی انتخابات میں نمائندوں کو عوام نے منتخب کیا ہے انہیں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ سینٹری ورکر جو کہ احتجاج کر رہے ہیں ہم ان کو سپورٹ کرتے ہیں اور ان سے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں

سورس: وی این ایس اسلام آباد