وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چیئرمین پی پی ایس سی کی ملاقات، 2018ءکی کارکردگی رپورٹ پیش کی

3

لاہور،15 اپریل(اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد نے ملاقات کی، چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے وزیراعلیٰ کو ادارے کی کارکردگی کی سال 2018ءکی رپورٹ پیش کی اورادارے کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار با صلاحیت ٹیلنٹ سامنے لانا حکومت کا مشن ہے اور پنجاب پبلک سروس کمیشن کو اس ضمن میں اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کرنا ہے،نئے پاکستان میں میرٹ کو آگے لے کر آئیں گے کیونکہ میرٹ اور شفافیت سے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کا واحد ذریعہ میرٹ ہے، ہماری حکومت نے صوبے میں میرٹ اور شفافیت کے نئے کلچر کی بنیاد ڈالی ہے اور اداروں میں بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں اور میرٹ کو فروغ دینے میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آن لائن انٹرویو سے امیدواروں کو بہت سہولت مل رہی ہے، پنجاب پبلک سروس کمیشن کو مزید فعال بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر اسے مکمل طور پر عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے، ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن سید ابن عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سورس: وی این ایس لاہور