پاک فضائیہ کے سربراہ نے پی اے ایف ائیر مین اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

5

کراچی15 اپریل(اے پی پی):  پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کراچی میں پی اے ایف ائیر مین اکیڈمی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ۔ اپنی نوعیت کی یہ منفرد ٹریننگ اکیڈمی پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں قائم کی جائیگی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پا ک فضائیہ کی افرادی قوت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے حامل ائیر مین کو معیاری تربیت فراہم کرنے کیلئے پاک فضائیہ ہمہ وقت کو شاں ہے،انہوں نے کہاکہ ائیر مین ٹریننگ کے موجودہ نظام کو پاک فضائیہ کے افسران کی بہترین تربیت گاہ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کی طرز پر قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔

 انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے میں ائیر مین کو ایک ہی جگہ پرمختلف شعبہ جات میں تکنیکی تربیت او ر نصابی تعلیم فراہم کی جائے گی، ائیر چیف نے اکیڈمی کو نامور ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دوست ممالک کی فضائی افواج کے ائیر مین کو بھی اعلیٰ معیار کی ٹریننگ فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

سول اور دفاعی اداروں کے اعلیٰ عہدیداران کے علاوہ پاک فضائیہ کے ا فسران کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

سورس: وی این ایس کراچی