اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے تیونس کے سفیر عادل العربی کی ملاقات

196

اسلام آباد، 19اپریل (اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے کہاہے کہ پاکستان تیونس کے ساتھ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے اٹوٹ رشتوں میں بندھا ہوا ہے، پاکستان تیونس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں پاکستان میں تیونس کے سفیر عادل العربی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے کہا کہ پاکستان تیونس کے ساتھ اپنے تعلقات کو اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دے کر وسعت دینے کا خواہشمند ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت ، سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے وافر مواقع موجود ہیں۔ اسپیکر نے کہاکہ پاکستان کی موجودہ حکومت ملک میں سر مایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کروا رہی ہے جن سے تیونس کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں، پارلیمانی سفارتکاری دونوں برادرا سلامی ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے،دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے اور ایک دوسر ے کو سمجھنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔

تیونس کے سفیر عادل العربی نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، اور تیونس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تیونس شمالی افریقہ کا گیٹ وے ہے، پاکستان تیونس کے ذریعے افریقی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے، تیونس کی حکومت پاکستان کے ساتھ سماجی واقصاادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہاکہ تیونس پاکستان کے عالمی اور خطے کے امن کے لیے کیے گئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وی این ایس اسلام آباد