اس سال پاکستان میں پہلی بار سافٹ بال کے دوانٹرنیشنل ایونٹس منعقد ہونگے

232

کراچی،06اپریل(اے پی پی ):اقوام متحدہ کی خیرسگالی کی سفیر اور پاکستان میں سافٹ بال کی ایمبیسڈر فریال علی گوہر ،عمر ایسوسی ایٹس کے سی ای او ندیم عمر، ڈاکٹر عیسی لیبارٹریز کے سی ای او ڈاکٹر فرحان عیسی اور فیڈریشن کی چئیر پرسن تہمینہ آصف کے ہمراہ کراچی جیم خانہ میں منعقدہ پریس بریفنگ میں سافٹ بال کنفیڈریشن آف پاکستان کیجانب سے سال 2019 میں ہونے والے ایونٹس کی تفصیلات کا اعلان کیا۔

اس موقع پر فریال علی گوہرکاکہنا تھا کہ مجھے اس بات کااعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ اس سال پاکستان میں پہلی بار سافٹ بال کے دوانٹرنیشنل ایونٹس منعقد ہونے جارہے ہیں ۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور ورلڈ بیس بال سافٹ بال فیڈریشن کی جانب سے سافٹ بال ایشیا کوچنگ کلینک اور اولمپک سولیڈیٹری ٹیکنیکل کورس کاانعقادپاکستان میں اس کھیل کی ترقی و فروغ اور ہمارے کوچز اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کوسامنے لانے میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔اس کے ساتھ ساتھ انٹراسکولز چیمپئین شپ اور انٹرسٹی سافٹ بال لیگ نئے ٹیلنٹ کی دریافت میں بہت معاون ثابت ہوگی۔ ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کی سیکریٹری جنرل داتولوبینگ چو (DATO LOW BENG CHOO ) کی رواں برس پاکستان آمد خوش آئند ہے اسکولز، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پرہماری خواتین اس کھیل میں بہت دلچسپی لے رہی ہیں میری خواہش ہے کہ دیگرکھیلوں کی طرح سافٹ بال میں بھی ہماری خواتین اپنے ٹیلنٹ سے دنیا بھرمیں ملک کا نام روشن کریں۔

اس موقع پر عمر ایسوسی ایٹس کے سی ای او ندیم عمرنے کہا کہ سافٹ بال کا کھیل پاکستان میں مقبولیت کی منازل طے کرتا ہوا مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔ اس بات کومدنظررکھتے ہوئے پاکستان کے پرائیوٹ سیکٹرز سے پہل کرتے ہوئے ہم نے “عمر ایسوسی ایٹس ویمنز سافٹ بال ٹیم ” تشکیل دی ہے اور مجھے امید ہے کہ ہماری ٹیم کی منتخب کردہ کھلاڑی مستقبل میں قومی سافٹ بال ٹیم کا حصہ بن کرانٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

ڈاکٹر فرحان عیسی نے کہا کہ ہمارا ادارہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، خاص طور پر گراس روٹ لیول سے نئے ٹیلنٹ کی دریافت ہماری اولین ترجیحی ہے ا سی لئے ہم نے انٹراسکول سافٹ بال چیمپئین شپ کو اسپانسر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سورس:وی این ایس ، کراچی