مسلمانوں کی زوال کی اصل وجہ دین سے دُوری ہے،  جب تک ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہوتا عوام کو برابری کے حقوق نہیں مل سکتے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا ختم بخاری شریف میں بیان

270

چترال

چترال، 15 اپریل   (اے پی پی): مسلمانوں کی زوال کی اصل وجہ دین سے دُوری ہے ۔  جب تک مسلمان دین کے ساتھ جڑ نہ جائے دینی تعلیمات پرعمل نہ کرے ان کو سکون نصیب نہیں ہوگا، نہ وہ کامیاب ہوں گے۔  ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جامعہ اقامت دین سینگور میں ختم بخاری شریف کے موقع پر کی۔  انہوں نے کہا کہ تین کروڑ مربع میل پر اسلامی دنیا محیط ہے دنیا کے 75 فی صد پٹرول مسلمانوں کے پاس ہے مگر اسلامی حکومت نہ ہونے کی وجہ سے ان کی مثال قبرستان جیسی ہے۔ ہم جب تک معاشی طور پر مضبوط نہیں ہوں گے ہم امریکہ اور یورپ کی  غلامی کریں گے۔ ہمیں چاہئے کہ اپنے پاﺅں پر کھڑے ہوکر بھیک کا کشکول توڑ دیں اور خود انحصاری پر عمل پیرا ہوں۔ تعلیمی اداروں میں 27 قسم کی تعلیمی نصاب پڑھایاجاتا ہے ۔ ایسے تعلیمی ادارے بھی ہیں جن کو یورپ غیر سرکاری اداروں کے ذریعے ان کو فنڈ دیتا ہے اور ان کو نصاب بھی اپنے مرضی کا دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمارا تعلیمی نصاب بھی ہمارا اپنا نہیں ہے۔

شیح الحدیث والقرآن ڈاکٹر عطا ءالرحمان ناظم اعلیٰ رابطہ المدارس الاسلامیہ پاکستان نے جامعہ اقامت دین میں طالبات سے بخاری شریف کی آخری حدیث سنی کہ سبحان اللہ وبحمدہ و سبحان اللہ العظیم جو زبان پر ہلکا رہے مگر میزان کے ترازو میں وزنی ہے۔  انہوں نے اس دینی مدرسے کی طالبات کو نہایت سراہا جنہوں نے بخاری شریف کی اس آخری حدیث کو صرف و نحو کا خیال رکھتے ہوئے پورے سیاق وسباق  اور راویوں کے دلائیل کے ساتھ پڑھ کر سنائی۔

خطیب شاہی مسجد مولانا خلیق الزمان نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے حاظرین پر زور دیا کہ وہ دین اسلام کی پیروی کریں جو دین و دنیا میں کامیابی کا واحد راستہ ہے۔مولانا شیر عزیز سابق امیر جماعت اسلامی، مولانا جمشید امیر جماعت اسلامی چترال اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ تاہم امیر سراج الحق نے لوگوں سے وعدہ لیا کہ وہ اپنی صلاحیت کو نفاذ اسلامی کیلئے استعمال کریں اور جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو دین کی سربلندی کیلئے کام کرتی ہے۔

جامعہ اقامت الدین کے مدیر مولانا حفیظ الدین نے مدرسے کی تاریخ پر روشنی ڈالی کہ اس سے قبل یہ مدرسہ بالائی چترال کے علاقہ تورکہو میں تھا بعد میں اسے سینگور منتقل کیا گیا اور ان کے والد حاجی مولوی خان اس مدرسے کی نگرانی کرتے ہیں 2014 کو جب یہ مدرسہ یہاں منتقل ہوا تو اس کے بعد اس میں دینی علوم کی تدریس طالبات کیلئے شروع کی گئی ۔ پہلے سال اس جامعہ کے طالبات نے سالانہ امتحان میں صوبے بھر میں اول پوزیشن حاصل کی۔ اس سال اس مدرسے کی 39 طالبات نے رابطة المدارس الاسلامیہ کے تحت امتحانات میں شریک ہوئیں۔ فی الحال دو مرد اور چار خواتین پڑھاتی ہیں اس جامعہ میں دینی علوم کے ساتھ ساتھ بچیوں کی تربیت بھی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ختم بخاری شریف کا پہلا دور ہے جس میں د س طالبات نے حدیث کی مشہور کتاب بخاری شریف ختم کی اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

اس بابرکت تقریب میں رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی، ضلع ناظم مغفرت شاہ اور جماعت اسلامی کے اکابرین کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے بارش کے باوجود شرکت کی۔ بعد میں مولانا شیر عزیز کے دعائیہ کلمات سے یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

 وی این ایس چترال