معیشت کو ریسکیو کرلیا،آئی ایم ایف سے 8ارب ڈالر تک امداد ملے گی:وزیر خزانہ اسد عمر

192

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی  قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کے مسودے اوراس حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی صورت میں پاکستان کو چھ سے لیکر 8 ارب ڈالر کی امداد ملی گی، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ٹیم مئی میں پاکستان کا دورہ کریں گی، معیشیت کو ریسکیو کرلیا ہے اب اقتصادی استحکام کے مرحلے میں ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ  ، مہنگائی، حسابات جاریہ کا خسارہ اور دیگر اقتصادی مسائل ورثہ میں ملے ہیں لیکن ان مسائل کا پائیدار بنیادوں پر حل نکالا جا رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ خود تمام چیمبروں میں گئے ہیں اور تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہے، ملکی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اقتصادی سلو ڈاﺅن کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے، ہم مشکل دور سے گزر کر آئے ہیں، اب ہم استحکام کے فیز میں ہیں، اگر استحکام کے مرحلہ کو ہم مختصر کریں گے تو پائیدار استحکام کی منزل حاصل نہیں کر پائیں گے، مشکل وقت جلد دور ہو گا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی اس حوالہ سے کوئی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ میں صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، این ایف سی اور دیگر امور میں صوبوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ کے نتیجہ میں پاکستان کو نہ صرف 6 سے 8 ارب ڈالر ملیں گے بلکہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کے ساتھ امداد اور تعاون میں اضافہ کا راستہ بھی کھلے گا۔

اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ ایف پی سی سی آئی اورپاکستان بلڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اوروزارت خزانہ وذیلی ومنسلک اداروں کے ارکان نے بھی  شرکت کی۔

سورس :وی این ایس اسلام آباد