مہنگائی کے ذمہ دار 10 سال سے زائد حکومت کرنے والے تین خاندان ہیں :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

383

اسلام آباد ۔ 14 اپریل (اے پی پی)  وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حدیبیہ سے شروع ہونے والا سفر ہل میٹل سے ہوتے ہوئے زرداری کے اومنی گروپ اور شہباز شریف کے ٹی ٹیز تک پہنچ گیاہے، احتساب کا عمل آگے بڑھے گا، بدعنوانی کے خلاف جنگ تمام طبقات کی جنگ ہے، تمام اداروں اور طبقات کو وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینا چاہئے، مہنگائی، ڈالر کی قدر میں اضافہ اور ہمارے بیشتر مسائل کے ذمہ دار پاکستان پر ایک عشرے سے زیادہ حکومت کرنے والے  تین خاندان ہیں۔

وزیر مملکت محصولات حماد اظہر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس  کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے لوٹی ہوئی دولت باہر بھیجنے اور اس دولت کو استعمال میں لانے کیلئے منصوبہ تخلیق اورعمل کرنے کی ذمہ داری اقتصادی ہٹ مین اسحاق ڈار کو سونپی گئی، ناجائز ذرائع سے حاصل شدہ دولت کو استعمال کرنے کیلئے 1992ء میں اقتصادی اصلاحات کا ایکٹ متعارف کرایا گیا،  حدیبیہ سے شروع ہونے والا سفر ہل میٹل سے ہوتے ہوئے زرداری کے اومنی گروپ اور شہباز شریف کے ٹی ٹیز تک پہنچ گیاہے، انہوں نے کہا کہ جو 200 ٹی ٹیز کی گئی ہیں اس میں سے 70 کے قریب کی شناخت ہوئی ہے یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے شہباز شریف خاندان کو پیسے بھیجے ہیں۔ ان میں پنڈ دادنخان سے تعلق رکھنے والا پاپڑ فروش منظور بھی شامل ہے جس نے ایک ملین ڈالر کی ٹی ٹی کی ہے اسی طرح صادق پلازہ کے سامنے ریڑی لگانے والے محبوب علی کے ذریعے تین لاکھ ڈالر کی ٹی ٹی کرائی گئی اسی طرح رفیق نامی ایک ایسے شخص کے شناختی کارڈ پر ٹی ٹی کی گئی ہے جو بہت عرصہ پہلے انتقال کرچکے ہیں۔  شریف، زرداری اورشہبازشریف خاندان نے بدعنوانی، لوٹ مار اوردولت کی منتقلی کیلئے ایک ہی طریقہ کار اپنایا، احتساب کا عمل شفاف انداز میں آگے بڑھایا جارہا ہے اس میں کسی سے انتقام نہیں لیا جارہا ہے، بدعنوانی سے کمائی گئی دولت پاکستان واپس لائیں گے،وزیراعظم عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں اور ان کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے

سورس :وی این ایس اسلا م آباد