میئر کی دعوت پر جاپانی سفیر کی سکھر آمد،سکھر بیراج اور میوزیم کا دورہ کیا

383

 سکھر17اپریل (اے پی پی):میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی دعوت پر جاپانی سفیر کونینوری متسودا کی وفد کے ہمراہ سکھر آمد ‘ سکھر بیراج،میوزیم کا دورہ کیا ، میئر نے جاپانی وفد کے اعزاز میں ہائے ٹی پارٹی دی۔میئر سکھر کی دعوت پر جاپانی سفیر 5 رکنی وفد کے ہمراہ سکھر پہنچے جہاں بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ ‘ یو سی چیئرمینز ‘ بلدیہ کی خاتون اراکین ‘ بلدیہ افسران نے وفد کا پُر تپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے ۔ میئر سکھر نے جاپانی وفد کو سکھر بیراج کی بذریعہ ٹرین سیر کروائی جبکہ میوزیم کے دورے کے دوران انہوں نے وفد کو بیراج کی تاریخ و تعمیرات میں استعمال ہونے والے میٹرل کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر جاپانی سفیر کونینوری متسودا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سکھر آکر خوشی محسوس ہورہی ہے ‘ ہم میئر سکھر کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں سکھر آنے کی دعوت دی اور بیراج سمیت میوزیم کا دورہ کرایا۔ بعد ازاں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے جاپانی وفد کے اعزاز میں میئر ہائو س  میں ہائی ٹی پارٹی بھی دی۔

وی این ایس،سکھر