وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے بارے میں جائزہ اجلاس

271

اسلام آباد ، 17 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے وزیراعظم کو اب تک ہونے والی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا، اجلاس میں پنجاب اور سندھ کی  کاروباری رجسٹریشن پورٹلز کے ساتھ ایس ای سی پی کی ہم آہنگی کے حوالہ سے غور کیا گیا۔

اجلا س میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے لاہور میں اپنے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کر دیا ہے جہاں تعمیراتی پرمٹ کے اجراءکے عمل میں شریک تمام محکمے موجود ہیں، اب کوئی کمپنی ایس ای سی پی کے آن لائن پلیٹ فارم پر ایک دن کے اندر رجسٹرڈ کرائی جا سکتی ہے۔  اسی طرح کراچی میں بھی دورانیہ کو نمایاں طور پر کم کیا گیا ہے، پنجاب میں پراپرٹی رجسٹریشن کو مکمل طور پر خود کار کیا گیا ہے، وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں، کنٹری بیوشنز اور ڈیوٹیز کی آن لائن ادائیگی کی جا رہی ہے۔

پاکستان کسٹمز کے آن لائن پلیٹ فارم کے ساتھ کلیدی محکموں کو ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ درآمد و برآمد کنندگان کی معاونت ہو اور وقت و لاگت کم ہو اور  کے الیکٹرک کی طرف سے پرانے بجلی کنکشنوں کے عمل کو خودکار کرتے ہوئے اسے آن لائن بنا کر آسانی پیدا کی گئی ہے جہاں کسٹمر اپنی درخواست کا پتہ بھی چلا سکتے ہیں۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کے کنکشن کے حصول کیلئے مدت کو مزید کم کرکے ایک ماہ تک لایا جائے۔

سورس: وی این ایس اسلام آباد