پشاور؛ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نےعوامی سہولیات کی دہلیز  پر فراہمی کیلئے  موبائل یونٹ کا باقاعدہ طور پر افتتاح  کر دیا

356

 

پشاور، 19اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے عوامی سہولیات کی فراہمی  کیلئے موبائل یونٹ کا باقاعدہ طور پر افتتاح  کردیا ہے  جبکہ پشاور موبائل سروس ڈیلیوری یونٹنے باقاعدہ طور پر  اپنے کام کا  آغاز  بھی کر دیا۔

اس موقع  پر ڈاکٹر عمران حامد شیخ  نے کہا کہ ڈی سی موبائل سروس ڈیلیوری یونٹ میں عوام کو ان کی دہلیز پر ڈومیسائل، اسٹامپ کی فراہمی، زمین کی ملکیت کا ثبوت (فرد)، جائیدادکی منتقلی، جائیداد کی فروخت کے وقت ٹیکس کی معلومات اور اسلحہ لائسنس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اورموبائل یونٹ کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کے اہلکاراور افسران موجود ہوں گے جو کہ موقع پر ڈومیسائل سمیت دیگر معلومات فراہم کریں گے۔افسران نے اس موقع پر عوام کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اورموقع پر عوام کو ڈومیسائل جاری کیے گئے۔

عمران حامد شیخ کے مطابق سکولوں میں اس سروس سے طلباء کو موقع پر ڈومیسائل مہیا کیے جائیں گے۔ پہلے روز ان کو ڈومیسائل فارم دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے علاقے سے تصدیق کر سکیں، اور دوسرے روز ان فارم کو ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر دستخط کر کے جاری کریں گے،شیڈول کے مطابق ڈی سی موبائل یونٹ کو پشاور کے نواحی علاقوں میں بھی بھیجا جائے گا۔ جس سے عوام کا قیمتی وقت اورکرایہ بچ جائے گا۔

 موبائل یونٹ نے شاہین مسلم ٹاؤن دورہ روڈ کا دورہ کیا اور عوام کو موقع پر ڈومیسائل فراہم کیے۔دورے کے موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر اصلاح الدین، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شہباز خٹک سمیت علاقے کے عوامی نمائندگان، پٹواری ، ویلج کونسل سیکریٹری اور عوام بھی موجود تھی۔

وی این ایس، پشاور