چین کے صوبے ھوُبےکے وائس گورنر ھوانگ چوُپنگ کی وزارت ریلوے آمد، شیخ رشید احمد سے ملاقات

208

اسلام آباد19 اپریل (اے پی پی):چین کے صوبے ھوُبےکے وائس گورنر ھوانگ چوُپنگ  نے وزارت ریلوے کا دورہ کیا اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دیرینہ تعلقات اور  صوبے کے حوالے سے اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

ھوانگ چوُپنگ نے کہا کہ پاکستان آکر ایسے لگا جیسے اپنے عزیز بھائی کے گھر آیا ہوں اورپاکستان کے لوگوں کی چین کے لئے محبت کا مشکور ہوں۔

وائس گورنرنے کہا کہ صوبائی حکومت پاکستان ریلوے کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی رکھتی ہے،ہماری استعداد سے پاکستان ریلوے کو جدید لائنوں پر ڈالا جا سکتا ہے۔

وائس گورنرنے مزید کہا کہ سی پیک منصوبوں سے پاکستان اور چین کے باہمی  تعلقات میں ایک نئے اور سنہری دور کا آغاز ہوا ہے،اسے مزید فروغ دیں گے۔

اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا رواں مہینے چین کا دورہ انتہائی اہم ہے،سی پیک منصوبوں پر خاطر خواہ پیش رفت ہو گی، پاکستان اور چین کے درمیان مین لائین ون ریل منصوبے کے پریلیمنری ڈیزائین پر دستخط ہونگے۔ شیخ رشید احمدنے مزید کہا کہ پشاوراورکراچی ایم ایل ون منصوبے کے تکمیل سے پاکستان میں ریل کا انقلاب آئیگا ،اور ھوُبے کی حکومت کو گوادر، کوئٹہ، تافتان ایم ایل ٹو ریل منصوبے میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

 وائس گورنر کی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو ھوُبے کے دورے کی خصوصی دعوت دیتے ہوئے دورے کا شکریہ ادا کیا۔شیخ رشید احمد نے وائس گورنر ھوانگ چوُپنگ  کی چین کے دورے کی دعوت قبول کر لی۔

وی این ایس،اسلام آباد