وزیر اعظم عمران خان اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف کی ملاقات،توانائی اور دیگر شعبوں میں اشتراک کے فروغ پر اتفاق

624

بیجنگ، 26 اپریل (اے پی پی):پاکستان اور تاجکستان نے توانائی اور دیگر شعبوں میں باہمی اشتراک کار کے مزید فروغ کے لئے دوطرفہ تبادلوں کو تقویت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے “کاسا 1000 ” منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کاعزم ظاہر کیا ہے۔

 اس بات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف نے جمعہ کو یہاں دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ملاقات میں کیا۔

 وزیراعظم عمران خان نے مختلف شعبوں میں تاجکستان کے ساتھ قریبی تعلقات اور وسیع تر اشتراک کار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ملاقات میں دیگر امور کے علاوہ مواصلاتی رابطوں اور توانائی کے شعبہ میں تعاون کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں رہنماﺅں نے سیاسی تعلقات، اعلیٰ سطح کے تبادلوں، تجارت و اقتصادی رابطوں اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کاسا 1000 منصوبے پر پیشرفت کاجائزہ لیا اور اس کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ دونوں اطرف نے توانائی اور دیگر شعبوں میں اشتراک کار کے مزید فروغ کے لئے دو طرفہ تبادلوں کو تقویت دینے پر بھی اتفاق کیا۔

وی این ایس ، اسلام آباد