میڈیا ورکرز کیلئے ای او بی آئی اور سوشل سیکیورٹی جیسے اقدامات کر رہے ہیں:  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

315

اسلام آباد، 29 مئی (اے پی پی ): معاون خصوصی برائے  اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحافی اداروں کو چیلنجز کا سامنا  ہے، اور میڈیا ورکرز کی ضروریات سے متعلق ایک جامع پالیسی کی ضرورت ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بدھ کے روز  میڈیا ورکرز اور صحافیوں میں رمضان پیکج تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مسائل سامنے آئے اور میڈیا پالیسی کو صرف اشتہارات کےساتھ جوڑ دیا گیا۔ ہم میڈیا کو درپیش مسائل سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے، اگر میڈیا سے متعلق نظام باقاعدہ ہوتا تو یہ مسائل نہ ہوتے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ میں ایک سماجی کارکن ہوں، اور عوام کی خدمت کا مشن لیکر سیاست میں آئی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  میڈیا ورکرز کی تنخواؤں کی بروقت ادائیگی کا میکنزم میڈیا پالیسی کا حصہ ہو گی، میڈیا ورکرز کیلئے ای او بی آئی اور سوشل سیکیورٹی جیسے اقدامات کر رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارا وزیر اعظم عمران خان ہے اور وہ خدا ترس آدمی ہے، وزیر اعظم کو مہنگائی اور غریب آدمی کی مشکلات اور ضروریات کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو میڈیا ورکرز سے متعلق درپیش مسائل سے آگاہ کرنا میرا فرض ہے۔ انہوں  نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت اور میری درخواست پر صحافیوں کا دھرنا ختم کرنے پر میں مشکور ہوں۔

 وی این ایس ، اسلام آباد