وزیراعلیٰ سے اقلیتی طلبا و طالبات کی ملاقات ،طلبا و طالبات میں سکالرشپ کے چیک تقسیم کئے

1

لاہور،25 مئی(اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ہفتہ کے روز اقلیتی طلبا و طالبات نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی،سردار عثمان بزدار نے اقلیتی طلبا و طالبات میں سکالرشپ کے چیک تقسیم کئے، وزیراعلیٰ نے 18 اقلیتی طلبا و طالبات میں مجموعی طور پر8 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کے سکالرشپ کے چیک تقسیم کئے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت 879اقلیتی طلبا و طالبات میں مجموعی طور پر اڑھائی کروڑ روپے کے سکالرشپ تقسیم کرے گی، نیا پاکستان نئی امیدوں اور امنگوں کا ترجمان ہے اور پاکستان کے باصلاحیت طلبا و طالبات نے تبدیلی کے سفر میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے،تحریک انصاف کی حکومت باصلاحیت طلبا و طالبات کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور ترقی کے برابر کے مواقع حاصل ہیں،اقلیتی طلبا و طالبات کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کیلئے ہر طرح کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں،باصلاحیت اور ہونہار طلبا و طالبات پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، طلبا و طالبات اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی بہتری کیلئے بروئے کار لائیں،قوم کو اپنے مستقبل سے بہت امیدیں ہیں،انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان وہ سفر مکمل کرے گا جس کا خواب قائداور اقبال نے دیکھا، صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طلبا و طالبات کو سکالرشپ کی فراہمی پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے، اقلیتی طلبا و طالبات نے تعلیمی میدان میں شاندار کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اقلیتی طلبا و طالبات کو ہر طرح کی سہولتیں دے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کے رہائشی طلباءتبریز قمر، امبروزانتھونے گل،نصیر کاوش، اشعر اکرم، اسد عابد، ابھیشا شاہزیب جان، سائمن نبیل اور طالبات شیریل آصف، ماہا مقصود، مشعل ریاض، انیلہ جارج، زیرش سرفراز،فضیلہ سردار،استر نذیر، صائمہ نذیر، شیخوپورہ کے رہائشی طالب علم سمران اقبال، ارسلان لیاقت اور ننکانہ صاحب کے رہائشی طالب علم گورجیت سنگھ میں سکالرشپ کے چیک تقسیم کیے۔

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم،صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن شاہ، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سورس: وی این ایس ڈیسک/لاہور