وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  کی مصر کے وزیر خارجہ سمیع شوکری سے ملاقات

275

جدہ،29مئی(اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کےاجلاس کے موقع پر مصر کے وزیر خارجہ سمیع شوکری سے ملاقات کی،دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے دوبارہ صدر منتخب ہونے اور مصر کو افریقن یونین کی چئیرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں مخدوم شاہ محمود قریشی اور سمیع شوکری نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مسلم امہ کو درپیش مسائل پربھی تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ اقتصادی تعاون  کے حوالے سے بھی  خصوصی گفتگو ہوئی ،فریقین نے پاکستان اور مصر کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے مصر کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ،پاکستان نے مصر کے ساتھ ڈی -ایٹ، اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت  بہت سے بین الاقوامی فورمز پر مل کر کام کیا  ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  ہم مصری صدر عبدالفتاح السیسی  کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں،امید ہے وہ جلد پاکستان تشریف لائیں گے ۔

 مصرکے وزیرخارجہ نے دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے اقوام متحدہ اوردیگر بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور مصرکے قریبی تعاون کی بھی تعریف کی۔

مصری وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ ء مصر کی دعوت دی۔

دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں  اوردو طرفہ تعاون کے فروغ کےلئے پاکستان اور مصر کے مابین اگلے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس،  عنقریب اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

وی این ایس، اسلام آباد