گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے وفاقی وزیر سول ایوی ایشن غلام سرور خان کی ملاقات

0
35

لاہور،15 مئی(اے پی پی )گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی احتجاجی تحر یک کی دھمکی سے خوفزدہ ہونیوالے نہیں عوام ہمارے ساتھ ہیں حکومت آئینی مدت پوری کر یں گی ۔اپوزیشن کا جھگڑا صرف احتساب کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کیلئے ہے مگر احتساب ایک منٹ کیلئے بھی نہیں رُک سکتا ۔پیسہ کمانے کا شو ق رکھنے والوں کو سیاست نہیں کاروبار کر نا چاہیے ۔سفارش پر لگنے والے افسران کر پشن ہی کر تے ہیں مگر اب سب فیصلے آئین وقانون اور میرٹ پر ہی ہوں گے ۔پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیکر سالانہ4سے5ارب ڈالرز کمائے جاسکتے ہیں ۔یونیورسٹیز میں میرٹ کو یقینی بنایا جارہا ہے کسی قسم کی کوئی سیاسی مداخلت نہیں کر یں گے۔

وہ گور نر ہاﺅس لاہور میں وفاقی وزیر سول ایوی ایشن غلام سرور خان  اور صوبائی وزیر مہر اسلم بھروانہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے مختلف یونیورسٹیز کے طلباءکے سوالات کے جواب اور وزراءسے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں مہنگائی اور بے روزگاری سمیت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے مسائل بھی شامل ہیں لیکن قوم یہ جانتی ہے کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسوں اور بیڈ گورننس کی وجہ سے ملکی حالات یہاں تک پہنچے ہیں اور آج اگر اپوزیشن حکومت کے خلاف احتجاج اور جھگڑنے کی باتیں کر رہی ہے تواس کا مقصد بھی صرف یہی ہے کہ کسی صورت احتساب کو روکا جائے مگر وزیر اعظم عمران خان کر پشن کے خلاف اپنے اصولی موقف سے ایک انیچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لندن سمیت مغربی ممالک میں صرف وہی لوگ سیاست میں آتے ہیں جن میں عوامی خدمت کا جذبہ ہوتا ہے اور سیاست میں پیسہ کمانے والے کبھی عوام کی خدمت نہیںکر سکتے ہیں اور نہ ہی کر یں گے۔گورنر نے کہا کہ حکومتی وزراءعوامی مسائل کے حل کیلئے جس طر ح عوام کے ساتھ رابطے میں ہیں ا س وجہ سے عوام کا حکومت اور حکومتی اداروں پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

وی این ایس ، لاہور